تنخواہوں میں کٹوتی، صفائی عملہ سڑکوں پر، احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)مٹھی میں میونسپل کمیٹی کے صفائی کرنے والے عملے نے تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف کشمیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دے دیا۔
مظاہرین نے شہر میں مارچ کیا اور زوردار نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور کوئی سننے والا نہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے ان کی ماہانہ تنخواہوں میں مختلف بہانوں سے کٹوتی کی جا رہی ہے، اور یہ کٹوتی بااثر ملازمین کی جانب سے کی جاتی ہے جسے روکنے والا کوئی نہیں۔ کوئی بھی ملازم اس بارے میں شکایت کرنے کی ہمت نہیں کرتا۔
یہ شکایات کافی عرصے سے موجود تھیں، لیکن آخرکار ملازمین مجبور ہو کر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ انہیں یہ خوف بھی لاحق ہے کہ احتجاج کے بعد ان غریب ملازمین کو ملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔



