رمضان میں مہنگائی روکنے کیلئے تھرپارکر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ، سات تعلقوں میں شکایتی سیل قائم کرنے کا اعلان

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے، جہاں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اہم اجلاس میں سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرآنی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں روزمرہ اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے بڑے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں طے پایا کہ:
▪️ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی
▪️ ناپ تول میں کمی اور ذخیرہ اندوزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے
▪️ بازاروں میں اچانک چھاپے مارے جائیں گے
▪️ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ڈی سی آفس سمیت ضلع کے ساتوں تعلقوں میں شکایتی سیل قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کے ہمراہ روزانہ بنیادوں پر قیمتوں کی نگرانی کریں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کسی بھی تاجر کو مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں تاجر تنظیموں، بیورو آف سپلائز اور محکمہ زراعت کے حکام کی مشاورت سے اشیائے ضروریہ کے نرخ طے کر لیے گئے ہیں، جبکہ سرکاری نرخ نامہ آئندہ ایک سے دو روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ شہری مقررہ قیمتوں پر اشیاء خرید سکی.



