تھرپارکر میں غذائیت میں بھتری، بچہ اور ماں صحتمند ہونا ضروری، اجلاس میں غور

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیران کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر لیاقت علی لوند کی زیرِ صدارت صحت مند ماں اور بچے کے حوالے سے ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی لوند نے متعلقہ افسران سے تھرپارکر میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے صحت مند ماحول کا ہونا نہایت ضروری ہے تاکہ ایسے ماحول میں صحت مند بچوں کی پیدائش ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں غذائیت کے شعبے میں مزید بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ عام لوگوں کو اس حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ماں اور بچے کی غذا سمیت بہتر صحت کے بارے میں شعور پیدا کیا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھوی راج اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی بھی شریک تھے، جبکہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔



