مٹھی میں غیر رسمی تعلیم کے فیسلیٹیٹرز کی تربیت مکمل

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)تھرپارکر کے مٹھی میں تھر ایجوکیشن الائنس اور محکمہ تعلیم سندھ کے زیر انتظام چلنے والے 40 غیر رسمی تعلیمی مراکز کے فیسلیٹیٹرز کے لیے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کے اختتام پر فیسلیٹیٹرز کو سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔ ورکشاپ مٹھی کے نجی ہوٹل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں پیکیج اے مکمل کرنے والے فیسلیٹیٹرز کو پیکیج بی کی تعلیم دینے کے لیے تربیت دی گئی۔

تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شیوانی نے کہا کہ سندھ میں محکمہ تعلیم کے تعاون سے خصوصی منصوبے کے تحت اسکولوں سے باہر بچوں کو واپس تعلیم دلانے کا کام جاری ہے، جس میں 6 سے 16 سال کے بچوں کو غیر رسمی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت میرپورخاص ریجن کے تین اضلاع میں 120 سینٹر چلائے جا رہے ہیں، جہاں 3,600 سے زائد بچے غیر رسمی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

شیوانی نے کہا کہ تربیت یافتہ فیسلیٹیٹرز اب محکمہ تعلیم کے منظور شدہ نصاب کو آسانی سے بچوں تک پہنچا سکیں گے، تاکہ انہیں باقاعدہ تعلیم کے راستے پر لایا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی تھرپارکر کستور چند نے فیسلیٹیٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھر ایجوکیشن الائنس غیر رسمی تعلیمی مراکز کو کامیابی سے چلا رہا ہے اور والدین پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دوبارہ اسکول داخل کرائیں۔

تقریب میں تھر ایجوکیشن الائنس کے پروگرام مینیجر سارنگ رام، ڈیجیٹل میڈیا لیڈ ونود شرما، ھوتچند سوٹہر، غلام رسول نہڑیو، رنجیت بھیل اور دیگر بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button