تھرایجوکیشن الائنس اور بینک الفلاح کا اشتراک،50طالبات کی فنی تربیت کا آغاز

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)تھر ایجوکیشن الائنس اور بینک الفلاح کے باہمی تعاون سے مٹھی میں لڑکیوں کے لیے فنی تربیت کے ایک اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کی باقاعدہ افتتاحی تقریب مٹھی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کے تحت تھر کی 50 لڑکیوں کو گرافکس ڈیزائن اور سلائی کڑھائی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔تقریب میں ضلع کونسل تھرپارکر کی وائس چیئرپرسن کملا بھیل، پولی ٹیکنیکل کالج مٹھی کے پرنسپل عبدالغفار جونیجو، تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شیوانی، سیف ادارے کے ڈسٹرکٹ منیجر نریش کمار مہیشوری، ریفارم سپورٹ یونٹ کے فوکل پرسن شامداس آچاریہ، سنی شرما، صنم میمن، راجا شرما اور ایشونی کماری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر تربیتی کورسز میں شامل 50 طالبات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شیوانی نے کہا کہ بینک الفلاح کے تعاون سے لڑکیوں کے لیے فنی تربیت کے کورسز شروع کیے گئے ہیں۔ وقت کی ضرورت اور مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپیوٹر پر گرافکس ڈیزائن اور سلائی کڑھائی کے تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں، جن کے تحت لڑکیوں کو چار ماہ کا سلائی کڑھائی اور چھ ماہ کا گرافکس ڈیزائن کا کورس کرایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر کی لڑکیوں کو تعلیم کے ساتھ فنی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ خودکفیل بن سکیں، اپنے اور اپنے خاندان کا سہارا بنیں اور تھر کی ترقی میں خواتین کا عملی کردار نمایاں ہو۔ انہوں نے بینک الفلاح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے اپنے سی ایس آر فنڈ کے تحت تھر کی لڑکیوں کی فنی تربیت کا یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔

پرتاب شیوانی نے یہ بھی بتایا کہ تربیت کے اختتام پر لڑکیوں کو سلائی مشینیں فراہم کی جائیں گی جبکہ گرافکس ڈیزائن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو انعام کے طور پر لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے مزید کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن کملا بھیل، پولی ٹیکنیکل کالج کے پرنسپل عبدالغفار جونیجو، نریش کمار مہیشوری، راجا شرما، ایشونی کماری اور تربیت میں شامل طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ منصوبے کے تحت 50 لڑکیوں کی فنی تربیت کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button