تھرکول بلاک2 میں نوجوانوں کی گریجویٹس ٹریننگ مکمل،مزید روزگار فراہم کرنے کا اعلان

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) تھرکول بلاک ٹو میں تقریب، مقامی نوجوانوں کے لیے مزید روزگار اور تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

تھرکول بلاک ٹو میں حبکو کمپنی کی جانب سے دو سالہ گریجوئیثس ٹریننگ مکمل کرنے والے مقامی نوجوانوں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں گریجویشن مکمل کرنے والے نوجوانوں، ان کے والدین اور دیگر مہمانوں کو مدعو کرکے انہیں اعزازات پیش کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حبکو اور تھل نواء کے پلانٹ منیجر عامر بشیر نے کہا کہ ہماری ٹاپ مینجمنٹ سمیت مختلف آسامیوں پر اس وقت 630 تھری نوجوان کام کر رہے ہیں۔ ہمارا پلانٹ بھی مقامی انجینئروں کے حوالے ہے اور اسے یہاں کے تھری نوجوان ہی چلا رہے ہیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہمیں ہر سطح پر بھرپور تعاون حاصل ہے۔ تھر اب پاکستان کی تقدیر بدلنے والی سرزمین بن چکا ہے۔ تھری نوجوان تعلیم اور محنت کے میدان میں کسی سے کم نہیں۔ تھر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں صرف توانائی پیدا کرنے نہیں بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور تھر کو خوشحالی کی طرف لے جانے آئے ہیں، اور ہمارے خواب آج حقیقت بنتے جا رہے ہیں۔ یہ نوجوان جو ہمارے سامنے موجود ہیں، ملک کا مستقبل ہیں۔ جب تک یہاں کے لوگ مضبوط نہیں ہوں گے، ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ قومیں تب ترقی کرتی ہیں جب وہ انجینئر اور مزدور پیدا کرتی ہیں، اور ہم یہاں انجینئر تیار کر رہے ہیں۔ ترقی تب مکمل ہوگی جب یہاں کے لوگ خود اس ترقی کا حصہ بنیں گے۔ ہم مقامی نوجوانوں کو تربیت دے کر یہیں ملازمت فراہم کر رہے ہیں۔

سی ایس آر حب پلانٹ کے افسر شعیب بھکائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حبکو کمپنی تھر فاؤنڈیشن کے ذریعے تعلیم، صحت اور پانی جیسے اہم مسائل پر کام کر رہی ہے۔ ہم تھر فاؤنڈیشن اور ٹی سی ایف کے ذریعے 28 اسکول چلا رہے ہیں جن میں 5 ہزار بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ان 5 ہزار بچوں میں سے 37 فیصد بچیاں ہیں، جس کا کریڈٹ تھر فاؤنڈیشن، حبکو اور والدین کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حبکو تھر میں تعلیم، صحت اور پانی کی سہولیات پر بڑا کام کر رہا ہے۔ انڈس اسپتال کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہے جہاں تمام علاج مفت کیا جا رہا ہے۔ ماروی کلینک اور مختلف مقامات پر چلنے والی او پی ڈی میں ہر ماہ 7 ہزار مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے اور انہیں مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔

ہم پانی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ 33 آر او پلانٹس فعال ہیں جنہیں یہاں کی خواتین چلا رہی ہیں۔ تھرکول بلاک ٹو کے تمام دیہاتوں کو سولر سسٹم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ سب حبکو اور ای پی ٹی ایل کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ہم روزگار اور ٹیکنیکل ٹریننگ پر مزید کام کر رہے ہیں اور تھر کے نوجوانوں کو تربیت دے کر ملازمت فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلی مرتبہ ہمارے سی ای او نے کہا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ چند سالوں بعد ان پلانٹس کی تمام آسامیوں پر تھری نوجوان کام کرتے نظر آئیں۔

اس موقع پر حبکو ایچ ایس ای منیجر اظہر جمیل نے کہا کہ تھر ترقی میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس ترقی کے ضامن یہ نوجوان ہیں۔ تقریب میں اینگرو کمپنی کے افسر فیاض سومرو، تھر فاؤنڈیشن کے منظور جنجھی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

جبکہ تھر انرجی اور حبکو کے پلانٹ منیجر طارق خان، کرنل شہل احمد لودھی، میجر حیدر، سینیئر ایڈمن آفیسر ارباب علی سمیجو اور دیگر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

مزید خبریں

Back to top button