گاؤں جانجھڻ میگھواڑ میں مفت میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا معائنہ اور ادویات کی فراہمی

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی کے قریب گاؤں جانجھڻ میگھواڑ میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ کیمپ سماجی رہنما رمیش میگھواڑ کی جانب سے لگایا گیا، جس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا۔کیمپ میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر ساجن سارنگ، سینئر فزیشن ڈاکٹر ہرچند رائے، ہڈیوں کے ماہر ڈاکٹر سرتاج لکھانی، گردوں کے ماہر ڈاکٹر سنجے کمار، دانتوں کے ماہر ڈاکٹر پرکاش دھرموانی، جنرل فزیشن سریش میگھواڑ، ڈاکٹر موہن اور دیگر لیڈی ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ڈاکٹروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں بلڈ پریشر، شوگر، جلدی امراض سمیت دیگر بیماریاں سامنے آئیں، تاہم جلدی امراض جیسی خطرناک وبا میں اضافہ تشویشناک ہے۔سماجی رہنما رمیش میگھواڑ نے کہا کہ ان کے علاقے کے محنت کش افراد علاج کے لیے شہروں تک نہیں جا پاتے، اسی لیے ان کا مقصد غریب لوگوں کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیمپ سے بڑی تعداد میں لوگوں نے صحت کے حوالے سے فائدہ اٹھایا اور مختلف بیماریوں کی ادویات مفت دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ہر سال اس نوعیت کے میڈیکل کیمپ لگانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ علاقہ مکینوں کی خدمت جاری رکھی جا سکے۔کیمپ میں جڑھیار، نبیسر، سیڈیو، تھاڈات، پدھریو، بدین سمیت آس پاس کے مختلف دیہات سے بڑی تعداد میں مریضوں نے شرکت کی۔



