تھائی لینڈ میں قیامت خیز حادثہ: تعمیراتی کرین مسافر ٹرین پر آ گری، 22 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بنکاک(مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ کے صوبہ ناکھون رتچاسیما میں ایک ہولناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، جب ایک تعمیراتی منصوبے میں استعمال ہونے والی بھاری کرین اچانک مسافر ٹرین پر گر گئی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حادثہ ضلع سکھیو میں اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے گزرتی ٹرین پر قریب واقع تعمیراتی مقام سے کرین گرنے کے باعث ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔ حادثے کے فوراً بعد ٹرین کی کئی بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متعدد مسافر اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی منصوبے کے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button