تھائی لینڈ:آخری رسومات کیلئے لائی گئی خاتون تابوت سے زندہ نکل آئی،ویڈیو وائرل

تھائی لینڈ (جانوڈاٹ پی کے)تھائی لینڈ میں 65 سالہ خاتون کی آخری رسومات کے دوران حیران کن واقعہ پیش آیا جس نے وہاں موجود لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبہ نونتھابوری کے ایک مندر میں 65 سالہ خاتون کی میت کو ان کا بھائی آخری رسومات کے لیے لے کر آیا تھا، خاتون کی موت کی وجہ دماغی کینسر اور ہائپوگلیسیمیا (کم بلڈ شوگر) بتائی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ تابوت سے آواز آنے پر کھول کر دیکھا گیا تو خاتون زندہ تھیں جس پر مندر کا عملہ بھی حیران رہ گیا۔
تابوت سے زندہ نکلنے والی خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے جس میں خاتون کو تابوت میں سانس لیتے اور حرکت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیران کن واقعے کے بعد خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے خاتون کی موت کی تردید کرتے ہوئے انہیں زندہ قرار دیا ہے ۔
ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کے جسم میں بلڈ شوگر کی سطح انتہائی حد تک کم ہوگئی تھی، یہی وجہ تھی کہ ان کے جسم نے حرکت کرنا بند کردی تھی، اب خاتون ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔



