نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام ادارے متحرک ہوں،ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ( جاويد لطيف ميمن/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت نیشنل ایکشل پلان پر عملدرآمد کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس دربار ہال مکلی میں منعقد ہوا ، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران شرکت کی – اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے کئی نکات پر کام جاری ہے تاہم جن امور پر پیش رفت نہیں ہو رہی ان پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپس کی دستاویزات، مقدار اور ایس او پیز کی جانچ کی جائے اور اسمگل شدہ تیل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بجلی چوری اور غیر قانونی کنڈوں، غیر قانونی سگریٹ و دیگر اشیا اور تجاوزات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے جبکہ ہٹائی گئی تجاوزات پر دوبارہ قبضے نہ ہونے دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی و آثارِ قدیمہ کی اہمیت رکھنے والی دبگیر مسجد کے اطراف سے تجاوزات ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے جبکہ ساحلی علاقوں کے دیہات میں میٹھے پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے آر او پلانٹس کی تنصیب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں جو ضلع کا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے اسکولوں اور تعلیمی نظام کی بہتری اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو غیر قانونی تعمیرات کی مؤثر نگرانی کی بھی ہدایت دی – ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی، شجرکاری، میونسپل سروسز اور مچھر مار اسپرے کو یقینی بنایا جائے جبکہ سیف ہاؤس کو فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی مدد کے لیے کم از کم ایک ہزار بلڈ بیگز جمع کرنے کی غرض سے بلڈ ڈونیشن مہم شروع کی جائے گی جس میں یونیورسٹی طلبہ اور دیگر اداروں کی مدد حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے ٹریفک نظام کی بہتری پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہروں میں غیر منظم پارکنگ ختم کی جائے اور بس و ویگن اسٹینڈز کو فعال بنا کر پبلک ٹرانسپورٹ کو وہیں کھڑا کرنے کا پابند بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل اور ضلع کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کریں اور آئندہ اجلاس میں بہتر کارکردگی پیش کریں۔



