رواں سال خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں 298 پولیس اہلکاراورعام شہری شہید

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک دہشتگردی کے واقعات میں 298 پولیس اہلکار اور عام شہری شہید ہوئے۔
نجی ٹی وی کو موصول سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 295 دنوں کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 298 پولیس اہلکار و عام شہری شہید ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیاکہ دہشت گردی کے مختلف واقعات میں رواں سال پولیس فورس کے 117 اہلکاروں اور181 عام شہریوں کو شہید جبکہ 486 کو زخمی کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ میں 2 ہزار 366 انٹیلیجنس بیِسڈ آپریشنز کے دوران 368دہشت گردوں کو ہلاک اور 1124 کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیاکہ دہشت گردی کے الزام میں 6 ہزار181 ملزمان کو نامزد بھی کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک خیبر پختوخوا میں بھتے کے1287 کیسزدرج ہوئے جن میں 209 ملزمان کو نامزد اور 52 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔



