ڈی آئی خان میں دہشت گرد حملہ: ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار شہید، ڈی ایس پی شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایس ایچ او سمیت پانچ پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ ایک ڈی ایس پی شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ پنیالہ کی حدود وانڈہ بڈھ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ اس دوران ایس ایچ او فہیم ممتاز خان مروت سمیت پانچ اہلکار موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکار معمول کے گشت پر مامور تھے کہ دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل عدنان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



