بدین میں مویشیوں میں مون سون بارشوں کے دوران پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا افتتاح

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ضلع بدین میں مویشیوں میں مون سون بارشوں کے دوران پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا افتتاح

صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محترم محمد علی ملکانی کی خصوصی ہدایات پر یکم اپریل سے پورے سندھ کی طرح ضلع بدین میں بھی محکمہ لائیواسٹاک کی جانب سے بارشوں کے دوران جانوروں میں پھیلنے والی متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک بدین ڈاکٹر دودو چانڈیو نے اپنی ٹیم، جس میں ڈاکٹر یاسر نواز سومرو، ڈاکٹر عبدالغفور میمن اور ڈاکٹر عبدالحفیظ سومرو شامل تھے، کے ہمراہ ساحلی پٹی کے گاؤں بھگڑا میمن میں اس مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یونین کونسل بھگڑا میمن کے چیئرمین محمد عمر میمن، فاروق میمن، ابراہیم میمن اور دیگر مویشی پال افراد بھی موجود تھے سندھ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اس حفاظتی ٹیکہ جات مہم کو مویشی پال افراد نے بھرپور سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر دودو چانڈیو نے بتایا کہ ضلع بدین کے پانچوں تعلقوں میں تعلقہ سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو یونین کونسل سطح پر مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی انہوں نے مزید بتایا کہ آج سے ضلع بدین کی آٹھ یونین کونسلوں میں کارپٹ ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں ضلع کی 68 یونین کونسلوں سمیت مجموعی طور پر 75 ویکسینیشن بلاکس تشکیل دیے گئے ہیں۔ سیلاب اور بارشوں کے دوران زیادہ متاثر ہونے والی یونین کونسلوں کو درجہ بندی کی بنیاد پر ترجیح دی گئی ہے مویشیوں کو متعدی بیماریوں سے بچانے کے لیے پورے ضلع کو ہدف بنایا گیا ہے، جبکہ اس مہم میں ضلع بدین کے 19 ویٹرنری افسران اور 13 پیراویٹ عملہ حصہ لے گا ویکسینیشن کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل لائیواسٹاک سندھ ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو اور ڈائریکٹر ڈاکٹر نوبت کھوسو اس مہم کی خصوصی نگرانی کریں گے اور دیہات کے دورے کر کے عملے کی موجودگی اور کارکردگی کا جائزہ لیں گے ڈاکٹر دودو چانڈیو نے مزید کہا کہ تمام ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ منتخب نمائندوں اور مقامی سماجی رہنماؤں سے تعاون حاصل کیا جائے تاکہ اس مہم کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ ساتھ ہی مویشی پال حضرات سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے دیہات میں آنے والی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ مون سون کے موسم میں بھینسوں اور گایوں میں گل گھوٹو جبکہ بھیڑ اور بکریوں میں خونی دست اور نمونیا جیسی مہلک بیماریاں پھیلتی ہیں جو مویشیوں کی ہلاکت کا سبب بنتی ہیں، اور ان خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ حفاظتی ٹیکہ جات ہیں

مزید خبریں

Back to top button