تہران ایئرپورٹ پر حملے میں ایرانی قدس فورس کے 16 طیارے تباہ کردیئے،اسرائیل کا دعویٰ

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے دارالحکومت میں رات گئے کیے گئے حملوں کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں مختلف مقامات پر وسیع پیمانے پر حملوں کی لہر چلائی جن میں مہرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل تھا۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ مہرآباد ایئرپورٹ کو قدس فورس مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادی مسلح گروپوں کو اسلحہ اور مالی مدد منتقل کرنے کے مرکز کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔
اسرائیلی فوجی کے ترجمان نے مزید کہا کہ تباہ کیے گئے طیارے اسلامی انقلابی گارڈ کور قدس فورس کے زیر استعمال تھے جو ایران کی خصوصی فورس ہے جس کا کام ملک کی سرحدوں سے باہر آپریشنز انجام دینا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ایئرپورٹ سے مبینہ طور پر اسلحہ اور رقوم مختلف گروپوں تک پہنچائی جاتی تھیں جن میں لبنان کی تنظیم حزب اللہ بھی شامل ہے۔ جس کے خلاف لبنان میں کارروائی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ مہرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے دوران طیاروں کے علاوہ ایئرپورٹ پر موجود بعض دیگر فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ تاہم آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایران کے حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔



