سرگودھا کمشنر نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا

سرگودہا(جانو ڈاٹ پی کے)کمشنر نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا اور او پی ڈی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مختلف خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد احمد اور اے سی جی مجاہد عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر نے او پی ڈی میں مریضوں کے رش پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ کو مزید بیجز بڑھانے اور جدید اسکرین ڈسپلے سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کی، تاکہ مریض ڈاکٹرز کے کمروں کے باہر لائنیں لگانے کے بجائے انتظار گاہ میں بیٹھ کر اپنی باری اسکرین پر دیکھ سکیں اور باآسانی معائنہ کروا سکیں۔ کمشنر نے اسپتال میں ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ کوئی بھی دوائی غائب نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے ادویات کے معیار اور سٹاک کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت جاری کی۔کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق پنجاب حکومت کا فوکس شہریوں کو معیاری صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں کمشنر سرگودہا نے اے ڈی سی جی ماجد احمد کے ہمراہ سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت سٹی روڈ پر فیسکو کے جاری کام کا بھی موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے تمام منصوبوں کو معیاری اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔



