شکارپور میں پی ٹی ایف ضلعی انتخابات: اساتذہ اتحاد پینل کے تمام امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

شکارپور( رپورٹ سیف مصطفیٰ/ نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)شکارپور میں پ ٹ الف کی ضلعی سطح کی انتخابات میں مرکزی صدر غلام رسول مہر کے حامی اساتذہ اتحاد پینل کے تمام امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق آل سندھ پرائمری اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کی ضلعی سطح پر جاری انتخابی مرحلے کے دوران شکارپور میں بھی انتخابات منعقد ہوئے۔ پ ٹ الف کی ضلعی الیکشن کمیٹی کے پاس اساتذہ اتحاد پینل کے امیدواروں نے مشترکہ طور پر اپنے نامزدگی فارم جمع کرائے، تاہم ان کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار یا پینل کی جانب سے کوئی فارم جمع نہیں کرایا گیا، جس کے باعث انہیں بلا مقابلہ کامیاب قرار دے دیا گیا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالوهاب انڑ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہ آنے کے باعث اساتذہ اتحاد پینل کے تمام عہدیداران، جن میں ضلعی صدر امان اللہ مہر، جنرل سیکریٹری فہیم سومرو سمیت دیگر عہدیدار شامل ہیں، کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب بلا مقابلہ کامیابی پر اساتذہ اتحاد پینل کے عہدیداران اور ان کے حامیوں نے نعرے بازی کی اور ایک دوسرے کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دی۔ بتایا گیا ہے کہ کامیاب ہونے والا پورا پینل پ ٹ الف کے مرکزی صدر غلام رسول مہر کا حامی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تعلقہ سطح پر ہونے والے انتخابات میں بھی شکارپور ضلع کے چاروں تعلقوں اور سٹی سمیت پانچوں یونٹس سے غلام رسول مہر کے حامی امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر پ ٹ الف کے مرکزی صدر غلام رسول مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکارپور میں کامیاب ہونے والے تمام امیدوار ان کے پینل سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ سندھ کے اساتذہ ان کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پ ٹ الف کی ضلعی سطح کی انتخابات جاری ہیں اور اب تک سندھ کے 30 اضلاع میں سے 24 اضلاع میں بلا مقابلہ کامیابی حاصل ہو چکی ہے، جن میں سے 23 اضلاع میں ان کے حامی امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی کو اپنا مخالف نہیں سمجھتے، تاہم جو لوگ انہیں مخالف سمجھتے ہیں انہیں جلد اندازہ ہو جائے گا کہ سندھ کے اساتذہ کس کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ایمپلائز الائنس کی جانب سے شروع کی گئی جدوجہد میں پ ٹ الف بھی شامل ہے اور انشاء اللہ جلد ملازمین کو خوشخبری ملے گی۔ اس موقع پر نو منتخب ضلعی صدر امان اللہ مہر اور جنرل سیکریٹری فہیم سومرو نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔



