ماتلی: سندھ بھر کے ویٹنگ اساتذہ کا عید کے دوسرے روز بھی احتجاج جاری

ماتلی (رپورٹ/ذیشان احمد گدی/جانوڈاٹ پی کے) سندھ بھر کے آئی بی اے پاس 40 پلس پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی ویٹنگ اساتذہ نے عیدالفطر کے دوسرے روز بھی اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج جاری رکھا اور ماتلی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی، تفصیلات کے مطابق جہاں عیدالفطر کے موقع پر شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشیوں میں مصروف رہے وہیں سندھ بھر کے یہ اساتذہ اپنے آئینی و قانونی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، اساتذہ نے عید کے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھتے ہوئے ماتلی پریس کلب کے سامنے جمع ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی، احتجاج میں شریک اساتذہ نے کہا کہ وہ گزشتہ 272 دنوں سے اپنے جائز مطالبات کے لیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں تاہم تاحال انہیں انصاف فراہم نہیں کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ بھر میں تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں لیکن میرٹ پر روزگار فراہم نہیں کیا جا رہا، اس موقع پر ایکشن کمیٹی کے رہنما فیصل ميمڻ، اویس عمراڻي، اویس درس، عبدالرحیم قریشی، راجا سومرو، مظفر نظامانی، ثمینہ لاشاری اور خمیس علی سمیت دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ سے بارہا مطالبہ کیا گیا ہے کہ ویٹنگ اساتذہ کو فوری طور پر بھرتی کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے یہ اساتذہ پرامن طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور عید جیسے خوشی کے موقع پر بھی اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے حصول میں کتنے سنجیدہ ہیں، اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ان کے مسائل حل کرے اور سندھ بھر کے آئی بی اے پاس 40 پلس پی ایس ٹی، جے ای ایس ٹی، ایس ٹی آر اور سی ٹی آر ویٹنگ اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کیا جائے، بعدازاں ویٹنگ اساتذہ کی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے رکن سندھ اسمبلی محترمہ تنزیلہ قمبرآنی سے ان کی رہائش گاہ ماتلی میں ملاقات کی جس میں انہوں نے اساتذہ کے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا، اس موقع پر محترمہ تنزیلہ قمبرآنی نے اساتذہ کے مسائل کو سننے کے بعد مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ سندھ اسمبلی کے اندر اساتذہ کے حق میں آواز بلند کریں گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کریں گی اور انہوں نے کہا کہ وہ ویٹنگ اساتذہ کے جائز مطالبات کے حل کے لیے متعلقہ فورم پر مؤثر کردار ادا کریں گی تاکہ جلد از جلد انہیں میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کیا جا سکے۔



