اساتذہ وطن کے مستقبل کو لازوال بنانے کیلئے بے مثال کردار ادا کر رہے ہیں، طارق محمود

وزیر آباد (جانوڈاٹ پی کے) قدرت کی عطا کردہ صلاحیتوں کو مخلوق کی خدمت میں صرف کرنے والے عظیم المرتبت لوگ ہیں۔ اساتذہ وطن کے مستقبل کو لازوال بنانے کے لئے بے مثال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ذہین طلباء ملک کا انمول اثاثہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم پرنسپل میجر ریٹائرڈ طارق محمود نے صفیہ ظہور الٰہی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماڈل سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اعزازات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ایڈمن آفیسر سعدیہ ملک نے سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ سٹوڈنٹس کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے با صلاحیت اساتذہ کا سکواڈ قومی جذبے ساتھ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ ذہین اور مستحق بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے جامع پلان موجود ہے۔مسلم ھینڈز کے پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک نے والدین کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ مادیت سے ماوراء مشنری جذبے کے ساتھ معاشرے کو بہترین کردار کی حامل نسل فراہم کرنے کے لئے والدین اور اساتذہ کو مشترکہ طور پر مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ اور نوجوان نسل کو وطن پرستی کے جذبات سے سرشار کرنے کے کے لئے منفی قوتوں کے خلاف فکری جہاد کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر سالانہ امتحانات میں امتیازی پوزیشن کے حامل طلباء وطالبات کو اعزازی سلیشز، شیلڈز اور دیگر انعامات دینے کے علاؤہ بہترین خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ اور دیگر سٹاف کو چئیرمن ٹرسٹ سیٹھ اسد الہی کی جانب سے نقد انعامات سے نوازا گیا ۔



