تھرپارکر کے محکمہ تعلیم کی بدانتظامی،2 سال سے غیر حاضر استاد کیخلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی) ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈیپلو کے گورنمنٹ پرائمری اسکول ڈڑ درس میں مقرر استاد راشد الیاس ولد رانا محمد الیاس تقرری کے بعد سے آج تک ایک دن بھی اسکول نہیں آئے۔

اہم ذرائع کے مطابق استاد راشد الیاس کلوئی کے رہائشی ہیں اور 2002 میں بھرتی ہوئے تھے، مگر مبینہ طور پر سفارش کی بنیاد پر آج تک کبھی ڈیوٹی انجام نہیں دی۔

وہ پہلے تحصیل ڈیپلو کے گورنمنٹ پرائمری اسکول گاؤں الہیاری میں مقرر تھے، جہاں سے تبادلہ کرکے انہیں ڈڑ درس میں تعینات کیا گیا، مگر دو سال گزرنے کے باوجود وہ ایک دن بھی اسکول نہیں آئے۔ جبکہ بایومیٹرک حاضری بھی گورنمنٹ پرائمری اسکول ڈڑ درس کی ہے اور وہ اپنی تنخواہ MX0220 ٹی ای او فیمیل ڈیپلو کی آئی ڈی سے وصول کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ استاد راشد الیاس کی غیر حاضری کے حوالے سے تحصیل مانیٹرنگ افسران اور تحصیل ایجوکیشن آفیسر ڈیپلو کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری تھرپارکر اور چیف مانیٹرنگ آفیسر تھرپارکر کو تحریری شکایات بھی بھیجی گئی ہیں، مگر اب تک کوئی کارروائی نہیں ہو سکی۔

گاؤں کے رہائشیوں نے محکمہ تعلیم کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ استاد راشد الیاس کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہمارے اسکول میں نیا استاد مقرر کیا جائے تاکہ معصوم بچوں کی تعلیم تباہ ہونے سے بچ سکے۔

مزید خبریں

Back to top button