گھر بچوں کے نام کرنا زندگی کی سب سے بڑی غلطی، گلوکارہ ترنم ناز کا دردناک اعتراف

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی معروف اور سینیئر کلاسیکل غزل گو گلوکارہ ترنم ناز نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے دکھ اور ذاتی تجربے سے مداحوں کو آگاہ کر دیا ہے۔ حال ہی میں ایک ٹیلی وژن پروگرام میں شرکت کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی پر کھل کر گفتگو کی اور ایک ایسا اعتراف کیا جو ناظرین کے لیے نہایت جذباتی اور سبق آموز ثابت ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں ترنم ناز نے بتایا کہ انہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے زمین خرید کر اپنی پسند اور خواہش کے مطابق ایک گھر تعمیر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بچے کم عمر تھے، اس لیے انہوں نے وہ گھر بچوں کے نام منتقل کر دیا، یہ سوچتے ہوئے کہ گھر چاہے میرے نام ہو یا بچوں کے، اس میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

تاہم ترنم ناز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جب بچے بڑے ہوئے اور ان کی شادیاں ہوئیں تو انہوں نے اسی گھر میں سے حصہ طلب کرنا شروع کر دیا، جو ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوا۔ گلوکارہ نے کہا کہ والدین کی حیثیت اور وقار اس وقت مختلف ہو جاتا ہے جب وہ خود اپنی جائیداد کے مالک ہوں۔

ترنم ناز نے صاف الفاظ میں اعتراف کیا کہ گھر بچوں کے نام کر دینا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، جس کا رنج انہیں تاحیات رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے آج بھی تابعدار ہیں، تاہم اگر گھر ان کے اپنے نام رہتا تو حالات مزید بہتر اور مختلف ہو سکتے تھے۔

واضح رہے کہ ترنم ناز کو ان کی پاورفل آواز اور کلاسیکل پی ٹی وی گانوں کی بدولت خاص پہچان حاصل ہے۔ وہ نامور استاد عاشق حسین کی شاگردہ رہ چکی ہیں اور ان کی آواز میں لیجنڈری گلوکارہ میڈم نور جہاں کی جھلک بھی محسوس کی جاتی ہے۔ کلاسیکل موسیقی کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان انہیں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نواز چکی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button