بنگلہ دیش سیاست میں بڑا بریک تھرو:طارق رحمان کی جماعت اسلامی کے امیر سے ملاقات

ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک) طارق رحمان نے بنگلادیش کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملکی سیاست اور قومی مفاد کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری بیان میں ڈاکٹر شفیق الرحمان نے طارق رحمان کو مستقبل کے وزیرِاعظم کے طور پر پیشگی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی آمد قومی سیاست کے لیے اہم لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک ایسے بنگلادیش کا خواب دیکھتے ہیں جو خودمختار، عدل و انصاف پر مبنی ہو۔
جماعت اسلامی کے امیر کے مطابق طارق رحمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد، اپوزیشن کارکنوں اور اقلیتی برادریوں پر حملوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، اور کوئی بھی شہری خوف یا عدم تحفظ کا شکار نہ ہو۔
ڈاکٹر شفیق الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی قومی مفاد کے معاملات میں منتخب حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی، تاہم بطور اپوزیشن اپنے آئینی کردار سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
الیکشن کمیشن کے سرکاری نتائج کے مطابق 299 نشستوں میں سے بی این پی نے 209 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔ طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں جیتیں۔



