افغانستان: صوبہ خوست میں طالبان کی سرکاری عہدیداروں کے ویڈیو انٹرویوز اور تصاویر پر مکمل پابندی

کابل(جانوڈاٹ پی کے)افغان طالبان نے صوبہ خوست میں سرکاری عہدیداروں کے ویڈیو انٹرویوز پر پابندی عائد کردی۔
افغان میڈیا نے مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ افغانستان کے صوبہ خوست میں طالبان کے امر بالمعروف و نہی عن المنکر ڈائریکٹوریٹ نے سرکاری اداروں کے پریس افسران اور ترجمانوں کو میڈیا کو ویڈیو انٹرویوز دینے سے روک دیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق اس حوالے سے جاری کی گئی ہدایت کے تحت نہ صرف ویڈیو انٹرویوز پر پابندی عائد کی گئی ہے بلکہ سرکاری اداروں کے اجلاسوں کی تصاویر اور ویڈیوز شائع کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
منگل کے روز خوست کے طالبان گورنر کے ترجمان اور صوبائی پولیس کمانڈ کے ترجمان نے مقامی میڈیا کو آگاہ کیا کہ وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی ہدایات کے مطابق اب وہ لائیو تصاویر یا ویڈیو فوٹیج فراہم نہیں کریں گے۔
گزشتہ چند دنوں سے دونوں دفاتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصاویر کی اشاعت بھی بند کردی ہے۔
خوست 24واں صوبہ ہے جہاں طالبان نے جانداروں کی تصاویر اور ویڈیوز شائع کرنے پر باقاعدہ پابندی نافذ کی ہے۔



