دھرنے والے عمران خان کی آنکھ بچ جانے سے مایوس ہوگئے،طلال چودھری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ اُن کی رپورٹ اچھی آئے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے دعویٰ کیا کہ دھرنے کے شرکاء کو مختلف اقسام کے پراٹھے پہنچائے گئے،علامہ راجہ ناصر عباس اس کی تصدیق کرلیں ورنہ ہمارے پاس سارے شواہد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے میں ایسے لوگوں کو بھی پہنچایا گیا جو پارلیمنٹیرینز نہیں تھے مسلح افراد کو پارلیمنٹ لاجز تک پہنچایا گیا جہاں فیملیز موجود تھی، اس طرح کے اقدامات سے پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور رپورٹس تسلی بخش ہیں اور اُن کی نظر جوانوں کی طرح ہے وہ دیکھ اور پڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کو بانی پی ٹی آئی کی آنکھ بچ جانے پر مایوسی ہوئی کیونکہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ رپورٹس اچھی آٗئیں، ان کی سیاست نہیں رہی اور یہ چاہتے ہیں کوئی حادثہ ہو جائے۔

طلال چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج ناکام ہو چکا ہے، انہوں نے اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلی بھی تبدیل کر کے دیکھ لیا مگر کوئی کامیابی نہیں ملی اور نہ ہی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button