وزیرآباد: ہاؤسنگ سوسائٹی تاج گارڈن میں درختوں کی کٹائی پر رہائشیوں کا شدید احتجاج

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیرآباد سیالکوٹ روڈ پر واقع  معروف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی تاج گارڈن میں انتظامیہ کی جانب سے سرسبز اور شاداب درختوں کی کٹائی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور اسے ماحول دشمن اقدام قرار دیا ہے۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کی آمد سے قبل درختوں کی کٹائی انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ فہم اقدام ہے۔ ان درختوں کی چھاؤں میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ واک اور ورزش کے لیے آتے تھے جبکہ مختلف پارکس میں موجود درخت سوسائٹی کے ماحول کو خوشگوار اور دلکش بناتے تھے۔ درختوں کی بدولت نہ صرف ماحول سرسبز نظر آتا تھا بلکہ یہاں رہنے والے افراد کو صاف اور آکسیجن سے بھرپور فضا بھی میسر تھی۔مکینوں کا کہنا ہے کہ تاج گارڈن کو سرسبز ماحول کی وجہ سے شہر کی ایک نمایاں رہائشی سوسائٹی سمجھا جاتا تھا، مگر انتظامیہ نے بغیر کسی واضح وجہ کے درخت کاٹ کر نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچایا بلکہ رہائشیوں کو بھی شدید مایوس کیا ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ سوسائٹی کی ایک محدود کمیٹی نے بغیر کسی مشاورت کے یہ اقدام کیا اور اس حوالے سے تاج گارڈن کے مکینوں سے کوئی رائے یا اجازت نہیں لی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ درخت قدرت کا قیمتی سرمایہ ہیں جو ماحول کو آلودگی سے بچانے، درجہ حرارت کو معتدل رکھنے اور انسانی صحت کے لیے صاف ہوا فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تاج گارڈن کے رہائشیوں نے اس معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ  سے اپیل کی ہے کہ درخت کاٹنے کے اس واقعے کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ سے وضاحت طلب کی جائے کہ سرسبز اور صحت مند درخت کیوں کاٹے گئے اور مستقبل میں ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے تاکہ ماحول اور شہریوں کے مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button