تائے پے(جانو ڈاٹ پی کے)تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے مرکزی علاقے میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے میں چاقو سے حملے اور اسموک گرینیڈ کے استعمال کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا چینل TVBS کے مطابق واقعے کے بعد حملہ آور بھی ہلاک پایا گیا۔رپورٹس کے مطابق حملہ ایک مصروف عوامی مقام پر کیا گیا، جہاں اچانک دھواں پھیلنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسموک گرینیڈ پھینکے جانے کے بعد حملہ آور نے چاقو سے لوگوں پر حملہ کیا، جس کے باعث موقع پر افراتفری مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔
ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا اور صورتحال کو قابو میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت اور حملے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کسی دہشت گرد تنظیم سے تعلق یا منظم سازش کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ یہ واقعہ تائی پے جیسے نسبتاً محفوظ شہر میں پیش آنے کے باعث شہریوں میں شدید تشویش کا باعث بن گیا ہے۔