سابق برطانوی کپتان ناصر حسین نے ٹی 20 ورلڈکپ تنازع میں پاکستان و بنگلہ دیش کے موقف کی حمایت کر دی

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ناصر حسین نے ٹی 20 ورلڈکپ کے تنازعے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کرکٹ میں سیاست کے بڑھتے اثر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی چینل کے پوڈکاسٹ میں سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے اپنے موقف پر قائم رہنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑی مستفیض الرحمان کے حق میں مضبوط مؤقف اپنایا، جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل میں منتخب کرنے کے باوجود اچانک سکواڈ سے خارج کر دیا، جس کے بعد تنازعات جنم لینے لگے اور پاکستان نے بھی بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا۔

ناصر حسین نے کہا کہ کھیل کا اصل مقصد ممالک کو قریب لانا تھا، مگر اب کرکٹ سیاسی کشیدگی اور تنازعات کو بڑھانے کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے ایشیا کپ 2025 میں ہاتھ نہ ملانے اور ٹرافی لینے سے انکار جیسے واقعات کو بھی مایوس کن قرار دیا۔

انہوں نے آئی سی سی سے یکساں سلوک کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر یہی درخواست بھارت کی جانب سے آتی تو کیا فیصلہ مختلف ہوتا؟ ناصر حسین نے مزید کہا کہ بڑے ممالک کے پاس مالی وسائل ہیں، مگر طاقت کے ساتھ ذمہ داری بھی آتی ہے، اور اگر چھوٹے ممالک کو مسلسل نظرانداز کیا گیا تو کرکٹ کا توازن مزید بگڑ جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button