ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا بائیکاٹ؟ پاکستان کا حتمی فیصلہ آج متوقع

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں کیا جائے گا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ من و عن عمل کرے گا۔

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولی بنیادوں پر تھا اور پاکستان نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں اور ورلڈ کپ سے متعلق حکومت پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گی، پی سی بی اس پر مکمل عملدرآمد کرے گا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا، جبکہ ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button