ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ: کالی آندھی نے 107 رنز کے بڑے مارجن سے زمبابوے کو ہرا کر بھارت کی نیندیں اڑا دیں، میزبان ٹیم کی سیمی تک رسائی مشکل میں

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں 76 رنز کی بدترین شکست اور ویسٹ انڈیز کی زمبابوے کے خلاف 107 رنز کے بڑے مارجن سے فتح کے بعد میزبان بھارت کے لیے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
بھارت میں اس صورتحال کے بعد صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے۔ اگر بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جاتا ہے تو ورلڈ کپ کے منتظمین کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے، جبکہ بھارت میں ورلڈ کپ کی دلچسپی اور کرکٹ فیور ختم ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کا رن ریٹ منفی ہو چکا ہے اور سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اب اسے زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھاری مارجن سے فتوحات درکار ہوں گی۔ اس کے علاوہ بھارت کی امیدیں اب بڑی حد تک جنوبی افریقا پر منحصر ہیں، کیونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف افریقی ٹیم کی جیت بھارت کے لیے راستہ نسبتاً آسان بنا سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نہ صرف سیمی فائنل بلکہ فائنل کی میزبانی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ شکست کے بعد بھارتی میڈیا، سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور یہ شکست کسی سے ہضم نہیں ہو پا رہی۔
خصوصی طور پر کپتان سوریا کمار یادیو اور ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر کو سلیکشن اور حکمتِ عملی پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔
پیر کے روز ویسٹ انڈیز کی شاندار فتح کے بعد ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں بھارت کی رسائی کے امکانات کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، اور اب بھارتی ٹیم مکمل طور پر رحم و کرم کے سہارے نظر آ رہی ہے۔



