ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دے دی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اسے سخت بھاری پڑا۔
ویسٹ انڈین بلے بازوں نے میدان میں چھکے چوکوں کی بارش کردی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنالیے۔ویسٹ انڈیز کی اننگز میں کل 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے، سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس 260 رنز کا ہے جو اس نے 2007 کے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیا کے خلاف بنایا تھا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمرون ہیٹ مائر نے 85 ، رومان پاول نے 59، شیرفین ردرفورڈ نے 31 رنز بنائے۔
شیمرون ہیٹ مائر نے19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 34گیندوں پر 85 رنز بنائے۔ رومن پاول نے 29 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
زمبابوے کی جانب سے موزاربانی اور ناگا وارا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم کو آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز 5 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ ڈین میرز نے 28 اور کپتان سکندر رضا نے 27 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گداکیش موتی نے 4 اور عقیل حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
شیمرون ہیٹ مائر کی19 گیندوں پر نصف سنچری
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی اننگ میں شیمرون ہیٹ مائر کی نصف سنچری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری تھی، ان سے قبل کرس گیل نے 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف 23 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔
شیمرون ہیٹ مائر نے اپنی نصف سنچری کے ساتھ اپنا سابقہ ریکارڈ بھی بہتر کیا، انہوں نے اس سے قبل اسکاٹ لینڈ کے خلاف 22 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ کی مجموعی طور پر تیز ترین نصف سنچری کا اعزاز بھارت کے یووراج سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے 2007 کے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف صرف 12 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔



