بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا معاملہ: بنگلہ دیشی بورڈ آج آئی سی سی کو تحفظات سے آگاہ کریگا

ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے اور آج اپنے تحفظات کے بارے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق بی سی بی کو گزشتہ رات آئی سی سی کی جانب سے ای میل موصول ہوئی، جو بی سی بی کی گزشتہ اتوار کی درخواست کے جواب میں تھی۔ آئی سی سی نے سکیورٹی خدشات کی نوعیت اور تفصیلات کے بارے میں استفسار کیا۔

بی سی بی نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت نہ جانے اور میچز کسی دیگر ملک میں منتقل کرنے کی اپنی درخواست پر زور دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے مجوزہ ورچوئل میٹنگ اور بھارت نہ جانے کی صورت میں پوائنٹس نہ ملنے کے خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں آئی پی ایل کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلادیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے خارج کر دیا تھا، جس کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے تعلقات کشیدہ ہو گئے اور بی سی بی نے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں

Back to top button