پاکستان کی سفارتی جیت، آئی سی سی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور،پاک بھارت میچ کڑی شرائط کے تحت ممکن، بڑا بریک تھرو متوقع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی ثابت قدمی کے سامنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئی ہے، جس کے بعد کڑی شرائط کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کھیلنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کے حوالے سے اگلے 24 گھنٹوں میں بڑی پیشرفت متوقع ہے۔ پاکستان کی جانب سے میچ بائیکاٹ کا فیصلہ مؤثر ثابت ہوا، جس کے بعد آئی سی سی خود مذاکرات کے لیے سرگرم ہو گئی۔

لاہور میں آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان پانچ گھنٹے سے زائد طویل مذاکرات جاری رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد ازالے کے لیے ایک فارمولہ تیار کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں آئی سی سی اور بنگلادیشی بورڈ کے درمیان تجاویز کا باقاعدہ تبادلہ بھی ہوا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اہم رابطہ کار کا کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ، آئی سی سی بورڈ سے تجاویز کی حتمی منظوری حاصل کریں گے، جبکہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام مذاکرات کی تفصیلات اپنی حکومت کو ڈھاکا میں بریف کریں گے۔

باہمی فارمولے پر اتفاق کے بعد آج دوپہر آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان دوبارہ رابطہ متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button