بونڈائی بیچ کے حملہ آور نومبر میں بھارتی پاسپورٹ پر منیلا پہنچے تھے، فلپائنی حکومت کی تصدیق

منیلا (مانیٹرنگ ڈیسک) فلپائن نے تصدیق کی ہے کہ بونڈائی بیچ کے حملہ آوروں ساجد اکرم اور نوید اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر نومبر میں فلپائن کا دورہ کیا تھا۔

فلپائن امیگریشن کے ترجمان نے کہا کہ 50سالہ ساجد اکرم اور 24سالہ نوید اکرم بھارتی شہریوں کے طور پر یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچنے، دونوں باپ بیٹے 28 نومبر کو فلپائن سے واپس چلے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ آسٹریلوی پولیس حملہ آوروں کے فلپائن کے سفر کا مقصد جاننے کیلئے تحقیقات کررہی ہے، آسٹریلوی پولیس پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ دونوں حملہ آور گزشتہ ماہ فلپائن گئے تھے۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق ساجد اکرم اور نوید اکرم نے فلپائن میں فوجی طرز کی تربیت حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق آسڑیلوی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے سڈنی واقعہ پر بھارتی حکومت سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور دہشت گردوں کے حوالے سے بھارتی حکام سے پوچھ گچھ کیلئے رابطہ کیا ہے۔

فلپائن کی وزارت دفاع کے ترجمان آرسینیو اینڈولونگ نے بتایا ہے کہ فلپائن کی پولیس سڈنی کے بونڈائی ساحل پر ہونے والی فائرنگ سے قبل دونوں حملہ آوروں کے فلپائن کے دورے کے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ فلپائن کو طویل عرصے سے اپنے ملک کے جنوبی حصے میں عسکریت پسندی کا سامنا ہے، 2017 میں داعش سے وفاداری کا عہد کرنے والے عسکریت پسندوں نے مراوی شہر پر قبضہ کر لیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ ماہ تک لڑائی جاری رہی تھی۔

یاد رہے کہ بھارت اور اسرائیل نے بونڈائی بیچ حملہ آوروں کی آڑ میں پاکستان کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا شروع کیا تھا کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے، بھارتی و اسرائیلی پراپیگنڈے کی موت اس وقت واقع ہوئی جب آسٹریلیا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ نوید اکرم آسٹریلوی شہری ہے۔

دوسری طرف نوید اکرم کے دوست نے آسٹریلوی میڈیا کو بتایا کہ نوید اکرم کے والد کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ ماں اطالوی شہری ہیں۔

اس سے پہلے بھارتی، اسرائیلی و افغان میڈیا نے ایک اور پاکستانی شہری شیخ نوید کو حملہ آور قرار دے دیا تھا جس پر شیخ نوید نے خود ویڈیو بیان جاری کیا کہ میں نوید اکرم نہیں ہوں، میں شیخ نوید ہوں اور میرا حملہ آوروں سے کوئی تعلق نہیں۔

اب فلپائنی حکومت نے بھارتی پاسپورٹ پر دورے کی تصدیق کردی ہے جس سے بھارت اور اسرائیل کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا ہے اور ساجد اکرم و نوید اکرم کا بھارتی ہونا ثابت ہو گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button