ستھرا پنجاب اتھارٹی نے صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے مکمل تنظیمی ڈھانچہ تیار کر لیا، یکم فروری سے فعال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ستھرا پنجاب اتھارٹی نے صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے اتھارٹی اور اس کے ماتحت ایجنسیز کا مکمل تنظیمی ڈھانچہ تیار کر لیا ہے۔ لاہور سمیت صوبے کی تمام سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو 31 جنوری 2026 تک غیر فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم فروری 2026 سے ستھرا پنجاب اتھارٹی اور صوبے کے 41 اضلاع میں قائم ایجنسیز کو باضابطہ طور پر فعال کیا جائے گا، اور اسی دن سالڈ ویسٹ ایجنسیز کو ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کر دیا جائے گا۔
تنظیمی ڈھانچے کے تحت اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کی سیٹ فعال کی گئی ہے، جبکہ 3 ایڈیشنل ڈی جی، 17 ڈائریکٹرز، 16 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور 38 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں 41 ایجنسیز کے لیے بھی تنظیمی ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے، جس میں 41 مینیجنگ ڈائریکٹرز، 41 ڈپٹی ڈائریکٹرز، 205 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 205 تحصیل مینیجرز، 2189 فیلڈ مانیٹرنگ افسران اور 41 مانیٹرنگ افسران شامل ہیں۔
انتظامی امور میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اتھارٹی کے ذمہ داران سیکریٹری بلدیات پنجاب کے ماتحت کام کریں گے، جبکہ اضلاع میں سالڈ ویسٹ کے ذمہ داران ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کریں گے۔ مالی اختیارات کے تحت اتھارٹی کا بجٹ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی منظوری سے منظور ہوگا، جبکہ اضلاعی ایجنسیز کا سالانہ بجٹ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی منظوری سے پاس کیا جائے گا۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی کا مقصد نئے نظام کے نفاذ کے ذریعے صوبے بھر میں صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر، شفاف اور مربوط بنانا ہے۔



