سپریم کورٹ نے بیرسٹر سلمان صفدر کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ نے بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے انہیں عدالتی نمائندہ مقرر کر دیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے حکم دیا کہ سلمان صفدر جیل جا کر بانی پی ٹی آئی کی حالتِ زار اور انہیں دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تحریری رپورٹ پیش کریں۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ملاقات میں سلمان صفدر کو کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہیے۔

انہوں نے سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ براہِ راست عدالت سے رابطہ کر سکتے ہیں، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کل سلمان صفدر ملاقات کے بعد رپورٹ پیش کریں، ہم رپورٹ دیکھ کر پرسوں سماعت کریں گے، بعد ازاں عدالت نے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے 5 اگست سے 18 اگست 2023 تک کی رپورٹ عدالت میں پیش کی اور بتایا کہ یہ رپورٹ اٹک جیل میں قید کے دوران کی ہے۔

اس موقع پر وکیل لطیف کھوسہ روسٹرم پر آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بھی عمران خان سے ملاقات کی رسائی نہیں دی جا رہی، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت حکم جاری کر چکی ہے اور سلمان صفدر آج ہی ملاقات کیلئے جائیں گے۔

عدالت نے قرار دیا کہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ سماعت پر مزید فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب بیرسٹر سلمان صفدر سپریم کورٹ کے حکم پر آج دوپہر 2 بجے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دو بجے ملاقات کی تصدیق کر دی، وہ سپریم کورٹ کے حکم پر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button