سپریم کورٹ نے مرحوم سرکاری ملازمین کے کوٹے پر سندھ حکومت کی درخواستیں مسترد کر دیں،ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سپریم کورٹ نے مرحوم سرکاری ملازمین کے کوٹے سے متعلق سندھ حکومت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ جاری کردیا ۔ سندھ ہائیکورٹ نے مرحوم سرکاری ملازمین کےورثا کو ملازمت دینے کے احکامات جاری کیے تھے۔
جسٹس محمد علی مظہر کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے جو مقدمات پہلے ہی نمٹ چکے ہیں انہیں دوبارہ نہیں کھولا جا سکتا، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات میں کوئی قانونی سقم نہیں، مرحومین کےکوٹہ سے متعلق فیصلے حتمی حیثیت اختیار کر چکے ہیں، اس حوالے سے قوانین منسوخی کےفیصلے کو ماضی پر لاگو نہیں کیا جائے،سپریم کورٹ کے مطابق جنرل پوسٹ آفس کیس کا فیصلہ سابق نمٹائے گئے مقدمات پر لاگو نہیں ہوگا، عدالتی فیصلےاصولا مستقبل پرلاگوہوتےہیں جب تک ماضی پراطلاق واضح نہ کیا جائے،سندھ ہائیکورٹ نے دو ہزار انیس سے تئیس کے درمیان مرحوم کوٹہ کےتحت ورثا کو ملازمت دینےکےاحکامات دیئے تھے جبکہ سندھ حکومت نے مرحوم کوٹہ پر تقرریوں کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔



