سکھر میں موسلادھار بارش، سرد ہواؤں کا راج، لنڈا بازاروں میں خریداروں کا ہجوم

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) سکھر میں موسلادھار بارش، سرد ہواؤں میں اضافہ، موسم خوشگوار مگر سرد، لنڈا بازاروں میں رش بڑھ گیا، سکھر میں آج صبح کے وقت ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ اچانک ہلکی بارش کا آغاز ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے موسلادھار بارش میں تبدیل ہو گئی۔ بارش کے بعد مغربی سسٹم کے اثرات کے باعث سرد ہواؤں میں نمایاں اضافہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں شہر کا موسم نہ صرف خوشگوار بلکہ مزید سرد ہو گیا ہے۔موسلادھار بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کی بڑی تعداد سردی سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات کی خریداری میں مصروف نظر آئی۔خاص طور پر سکھر کے لنڈا بازار (پرانے گرم کپڑوں کا بازار) میں عوام کا رش غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے، جہاں شہری کم قیمت پر گرم کپڑے خریدتے دکھائی دے رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے گرم کپڑوں کی قیمتیں غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہیں، جس کے باعث وہ پرانے مگر قابلِ استعمال کوٹ، سویٹر، جیکٹس اور دیگر گرم ملبوسات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ لنڈا بازار کے تاجروں کے مطابق بارش اور سردی میں اضافے کے بعد گرم کپڑوں کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئی ہے۔موسمی تبدیلی کے باعث شہری خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، تاہم سردی سے بچاؤ کے لیے رضائیاں، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری بھی جاری ہے۔ماہرین کے مطابق مغربی ہواؤں کے تسلسل کی صورت میں آئندہ دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جو سردیوں کی آمد کا واضح اشارہ ہے۔شہریوں نے بارش کو رحمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، تاہم موسم کی یہ تبدیلی خوش آئند ہے اور شہر کا ماحول مزید دلکش ہو گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button