سکھر کا اہم مرکزی راستہ بلدیاتی مسائل کی نذر، عوام سخت مشکلات کا شکار

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) سکھر کی ریلوے انجن شیڈ کالونی، گولیمار اور نیو سبزی منڈی کو جانے والا اہم مرکزی راستہ شدید بلدیاتی مسائل کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں سمیت مسافر گاڑیوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

عوامی شکایات کے مطابق ناقص نکاسیٔ آب، صفائی کی ابتر صورتحال اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں نے علاقے کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر انتظامیہ، بلدیاتی نمائندوں اور ریلوے حکام کی مبینہ عدم توجہی کے باعث ریلوے انجن شیڈ کالونی، گولیمار، نیو سبزی منڈی اور ملحقہ علاقوں میں صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔

سڑکوں پر جمع گندا پانی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہا ہے جبکہ مسلسل پانی کھڑا رہنے کے باعث سڑکیں مزید تباہی کا شکار ہو رہی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ریلوے انجن شیڈ کالونی سے گزرنے والا یہ راستہ بھوسہ لائن، نیو پنڈ اور دیگر علاقوں کو آپس میں ملاتا ہے، تاہم نالوں اور گٹروں کا پانی جمع ہو کر کئی مقامات پر تالاب کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہیں، جس سے شدید بدبو پھیل رہی ہے اور وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ صورتحال پر علاقہ مکینوں اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

شہریوں نے کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، میئر سکھر، ریلوے انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے، صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں، نکاسیٔ آب کے مسائل حل کیے جائیں اور سڑکوں کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ عوام کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button