سکھر: موٹر سائیکل چوری کے خلاف شہری کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، اعلیٰ حکام سے فوری بازیابی کی اپیل

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)سکھر کے گاؤں حاجی نہال خان کھوسہ کے رہائشی اور کھوسو برادری سے تعلق رکھنے والے لال بخش کھوسو نے اپنی موٹر سائیکل چوری ہونے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل وہ علاج کی غرض سے اسپتال پہنچے تھے، تاہم رقم کم ہونے کی وجہ سے شاہی بازار سے پیسے لینے گئے۔لال بخش کھوسو کے مطابق انہوں نے شاہی بازار میں اپنی موٹر سائیکل کو لاک کر کے محفوظ جگہ پر کھڑا کیا اور پیسے لینے چلے گئے، مگر جب واپس آئے تو اس جگہ موٹر سائیکل موجود نہیں تھی۔ کافی تلاش کے باوجود موٹر سائیکل کا کوئی سراغ نہ مل سکا، بعد ازاں معلوم ہوا کہ نامعلوم چور موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے ہیں۔متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے فوری طور پر متعلقہ تھانہ بی سیکشن میں اپنی موٹر سائیکل سی ڈی 70، ماڈل 2018، نمبر این سی کی چوری کی رپورٹ درج کروا دی، تاہم دو دن گزر جانے کے باوجود تاحال موٹر سائیکل کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔لال بخش کھوسو نے مزید کہا کہ وہ ایک غریب مزدور ہیں اور بڑی مشکل سے قسطوں پر موٹر سائیکل خریدی تھی، جس کی اقساط ابھی تک مکمل بھی نہیں ہوئیں کہ موٹر سائیکل چوری ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل ان کے روزگار کا واحد ذریعہ تھی، جس کے چھن جانے سے ان کے لیے شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔احتجاج کے دوران لال بخش کھوسو نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سمیت اعلیٰ پولیس حکام سے پرزور اپیل کی کہ فوری طور پر نوٹس لے کر ان کی موٹر سائیکل برآمد کروائی جائے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔



