سکھر شہر کے مرکزی گھنٹہ گھر چوک میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل پر نوٹس،ون وے کی پابندی کے لیے ٹائر برسٹ لگانے کا فیصلہ

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے شہریوں کی شکایات پر سکھر شہر کے مرکز گھنٹہ گھر پر بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کا نوٹس لے لیا ہے، اس سلسلے میں ضروری اقدامات لینے کے لیے انہوں نے اپنے آفس میں ڈپٹی کمشنر سکھر سکھر نادر شہزاد خان، کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن علی رضا انصاری، اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز، میونسپل آفیسر نعمان علی، ٹریفک اور پولیس افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سب سے پہلے شہریوں کی عام آگاہی کے لیے میگا فون پر پیشگی اعلانات کرائے جائیں گے، جبکہ اس کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف اقدامات لیتے ہوئے سختی سے نمٹا جائے گا۔
کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ گھنٹہ گھر کے اطراف قائم کردہ غیر قانونی لنڈا بازار کو ہٹا کر انہیں شہر کے قریب متبادل جگہ فراہم کی جائے، جہاں وہ اپنا کام جاری رکھ سکیں۔
انہوں نے ٹریفک پولس کو ہدایت کی کہ گھنٹہ گھر سے معصوم شاہ منارہ کی جانب چڑہائی کے مقام پر ون وے کی پابندی کی جائے، جبکہ ساتھ ہی وہاں مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کی رکاوٹ کے لیے ٹائر برسٹ لگانے کے احکامات بھی جاری کر دیے،
انہوں نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکلوں کی پارکنگ متعین کرنے کے لیے نشانات لگانے کے ساتھ مختلف جگہوں پر زنجیر بھی لگا دی جائے، متعین کردہ زنجیر سے باہر کی جانب موٹر سائیکلوں کا تجاوز برداشت نہ کیا جائے، اس سلسلے میں انہوں نے ہدایت کی کہ موبائل مارکیٹ، مہران مرکز کے دکانداروں اور میڈیکل اسٹور مالکان کو ٹریفک پر قابو پانے کے سلسلے میں مثبت تعاون کے لیے پابند کیا جائے کیونکہ زیادہ تر گاہکوں کا تعلق ان ہی دکانداروں سے ہوتا ہے۔
اس موقع پر کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے یہ بھی کہا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا تجارتی شہر ہے اور ضروری ہے کہ آئندہ شہر میں موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے مستقل پارکنگ کا بھی تعین کیا جائے، جہاں لوگ گاڑیاں پارک کر کے شہر میں پیدل داخل ہوں، آئے روز عوامی شکایات بڑھ رہی ہیں کہ شہر میں چلنا محال ہو گیا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ شہر میں مستقل پارکنگ کے لیے شہر کے پرانہ تانگہ اسٹینڈ اور معصوم شاہ منارہ کی جانب خورشید بیگم پارک کے مقام کو استعمال کرنے پر بھی غور کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان اور کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن علی رضا انصاری نے گھنٹہ گھر کے مقام پر ٹریفک جام اور ٹریفک کا موجب بننے والی تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملدرآمد کی یقین دھانی کرا دی۔
اجلاس کے اختتام پر کمشنر سکھر ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز، میونسپل آفیسر نعمان علی اور ٹریفک پولیس آفیسر کو آج گھنٹہ گھر کے فوری دورے کی ہدایت کر دی۔



