سکھر: خواتین اور معذور افراد کی انتخابی شمولیت پر جینڈر اینڈ ڈس ایبیلیٹی الیکٹورل ورکنگ گروپ کا اجلاس

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) ریجنل الیکشن کمشنر سکھر عدنان بشیر کی زیر صدارت جینڈر اینڈ ڈس ایبیلیٹی الیکٹورل ورکنگ گروپ کا اجلاس ریجنل الیکشن کمشنر سکھر کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد انتخابی عمل میں خواتین اور معذور افراد کی مؤثر اور بامعنی شمولیت کو فروغ دینا تھا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر عدنان بشیر نے انتخابی عمل میں خواتین اور خصوصی افراد کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شمولیتی ووٹنگ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور معذور افراد کی انتخابی شمولیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکھر عطااللہ بروہی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خیرپور نعیم الرحمن، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گھوٹکی عبدالماجد، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر سکھر سہیل حسین، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر مجیب الرحمن سومرو سمیت نادرا، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، کالجز ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ نادرا زونل ہیڈ سکھر نصرالدین کھوسو، ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا گھوٹکی فواد باری قریشی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا خیرپور سید علی مہدی زیدی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی سکھر اسفندیار منگی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذوالفقار علی شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈبلیو ڈی قمرالدین چنہ اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں آئی این وی آر کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لیے سفارشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواتین ووٹرز اور خصوصی افراد کے اندراج، آگاہی سرگرمیوں اور شمولیتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
شرکاء کی جانب سے مستقبل میں بہتری کے لیے مختلف قابلِ عمل تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی تاکہ خواتین اور معذور افراد کی انتخابی شمولیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔



