سکھر: گل پلازا سانحے میں جاں بحق شیخ محمد اَطہر حسن کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی فنڈ قائم

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)میئر سکھر اور ترجمان حکومتِ سندھ، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے گل پلازا کے افسوسناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے سکھر کے رہائشی شیخ محمد اَطہر حسن کے اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس فنڈ کے ذریعے مرحوم کے لواحقین کو ہر ممکن مالی اور اخلاقی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

میئر سکھر نے شہید کی تدفین میں شرکت کی اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ شیخ محمد اَطہر حسن دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کے والد تھے اور رمضان المبارک میں تراویح کے اہتمام کے لیے ضروری سامان خریدنے گل پلازا گئے تھے، جہاں پیش آنے والے سانحے نے ایک خوشحال گھرانے کو اجاڑ دیا اور پورے شہر کو غمزدہ کر دیا۔

اس موقع پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے گل پلازا کے دیگر جاں بحق افراد کے لیے بھی دعائے مغفرت کی اور تمام لواحقین کے صبر و استقامت کے لیے دعا کی۔ قبرستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی الزام تراشی یا پولیٹیکل بلیم گیم کا نہیں ہے، بلکہ سانحے کے حقائق کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور مؤثر اقدامات کے ذریعے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کا وقت ہے۔

میئر سکھر نے مزید کہا کہ گل پلازا آتشزدگی کا واقعہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان میں زیرِ بحث ہے اور متعلقہ ادارے اس سانحے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران اگر کسی فرد یا عنصر کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو انہیں قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت یا مصلحت نہیں برتی جائے گی۔

میئر نے کہا کہ حکومتِ سندھ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی خاندان کو اس طرح کے المیے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید شیخ محمد اَطہر حسن کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، گل پلازا کے دیگر جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور تمام سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button