سکھر: سیپکو کی غفلت، قریشی گوٹھ کے مرکزی چوک میں 11 ہزار وولٹ کی تاریں گر گئیں

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) سکھر میں سیپکو کی سنگین غفلت ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی، جب قریشی گوٹھ کے مرکزی چوک پر بازار کے باہر 11 ہزار وولٹ کی ہائی وولٹیج بجلی کی تار اچانک زمین پر گر گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق گرنے والی ہائی وولٹیج تار سے تقریباً دس منٹ تک زمین پر آگ کے شعلے بھڑکتے رہے، جس کے باعث مصروف بازار میں موجود شہری خوف کے عالم میں ادھر اُدھر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب بازار میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس سے خطرے کی شدت مزید بڑھ گئی۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور تاریں انتہائی خستہ حال اور کمزور ہو چکی ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس صورتحال سے متعلق متعدد بار سیپکو حکام کو شکایات درج کروائی گئیں، مگر کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث یہ خطرناک واقعہ پیش آیا۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیپکو فوری طور پر علاقے میں موجود پرانی اور کمزور بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو تبدیل کرے تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے، تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔



