سکھر: سول اسپتال مردہ خانے کی فعالی کے لیے 14.5 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی سے سول اسپتال سکھر کی مینجمنٹ کمیٹی کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مینجمنٹ کمیٹی کے رکن و پرنسپل غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر ڈاکٹر صالح محمد چنہ کر رہے تھے، جبکہ دیگر اراکین میں اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد ملک اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ رضا حسین شامل تھے۔

اس موقع پر کمشنر عابد سلیم قریشی نے مردہ خانے کی فعالی کے لیے 14 لاکھ 50 ہزار روپے کا چیک اسپتال مینجمنٹ کمیٹی کے حوالے کیا۔ مینجمنٹ کمیٹی نے اسے اسپتال کے امور میں بہتری کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

کمشنر نے کہا کہ مخیر حضرات کا مقامی اداروں کی بہتری کے لیے تعاون اعتماد اور نیک نیتی کی عکاسی کرتا ہے، اور عطیہ کردہ رقم مردہ خانے کی فوری فعالی پر استعمال کی جائے گی۔

سپتال مینجمنٹ کمیٹی کے مطابق مردہ خانے کے کل 32 چلرز میں سے ابتدائی طور پر 2 سے 4 چلرز کو 15 سے 20 دنوں کے اندر فعال کیا جائے گا، جس سے اسپتال کی عام ضروریات پوری ہوں گی۔ بعد میں سرکاری فنڈز سے باقی چلرز کو بھی فعال کیا جائے گا۔

وفد نے بتایا کہ گزشتہ ماہ آکسیجن جنریشن پلانٹ بھی فعال کیا گیا تھا، جس سے اسپتال کے مریضوں کو خاطر خواہ فائدہ ہوا۔

کمشنر عابد سلیم قریشی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن کی قیادت میں اسپتال انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ بہتر طبی خدمات جاری رہیں۔

مزید خبریں

Back to top button