سکھر:سیکرٹری آر ٹی اے کا چھاپہ مسافروں سے زائد کرایہ لینے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)سکھر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری فیاض احمد منگی نے سکھر سے پنوعاقل جانے والی ویگنوں میں زائد کرایہ وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف ویگن اسٹیشنوں کا سرپرائز وزٹ کیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے سکھر سے پنوعاقل تک ویگن کا مقررہ کرایہ 100 روپے ہے، تاہم مسافروں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض ویگن ڈرائیورز 130 روپے وصول کر رہے ہیں۔اچانک دورے کے دوران سیکرٹری آر ٹی اے نے پنوعاقل جانے والے مسافروں سے براہِ راست کرایوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، جس پر مسافروں نے تصدیق کی کہ ان سے مقررہ کرایے سے 30 روپے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔ شکایات کی تصدیق کے بعد فیاض احمد منگی نے موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ویگن ڈرائیورز کو سخت وارننگ جاری کی۔سیکرٹری آر ٹی اے نے فوری طور پر ان مسافروں کو زائد وصول کی گئی رقم واپس دلوائی اور واضح ہدایات جاری کیں کہ آئندہ صرف حکومتی مقررہ کرایہ 100 روپے ہی وصول کیا جائے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر آئندہ کسی بھی ویگن ڈرائیور یا مالک نے مقررہ کرایوں سے زائد رقم وصول کی تو ویگن مالکان اور ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فیاض احمد منگی کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا آر ٹی اے کی اولین ترجیح ہے، اور مسافروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئے گی اور مسافروں کو مقررہ کرایوں پر سفر کی سہولت میسر ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button