آل تاجر روہڑی اتحاد کے نمائندہ وفدکی ایس ایس پی سکھر سے ملاقات

سکھر(بیورورپورٹ)آل تاجر روہڑی اتحاد کے نمائندہ وفد نے گزشتہ روز ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل سے ایس ایس پی آفس سکھر میں نہایت اہم،مثبت اور تعمیری ملاقات کی جس میں روہڑی شہر کی موجودہ امن و امان کی صورتحال، پولیس و تاجروں کے تعاون اور شہر کے تجارتی ماحول سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی وفد میں صدر حاجی ندیم شیخ،جنرل سیکریٹری طفیل احمد سولنگی،چیئرمین لالا عقیل خان،آفس سیکریٹری عبدالفتح میمن،احسان قریشی،حیدر سروری سمیت دیگر عہدیداران اور روہڑی کے متعدد تاجر شریک تھے۔
ملاقات کا آغاز تھانہ روہڑی کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل جہانزیب جتوئی کے لیے بلندیٔ درجات اور مغفرت کی خصوصی دعا سے ہوا وفد نے شہید اہلکار کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ایسی بہادری ہی شہر میں امن کا بنیادی ستون ہے تاجر رہنماؤں نے ملاقات کے دوران پولیس کے تعاون اور شہر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پولیس کی جامع حکمتِ عملی کے نتیجے میں روہڑی میں امن و امان مزید بہتر ہوگا پولیس اہلکار شہید جہانزیب جتوئی کے قاتل اور متعدد وارداتوں میں ملوث گروہوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور تاجروں کے تحفظ، مسائل کے حل اور تجارتی مراکز کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاجر وفد نے اپنے تمام مسائل اور تجاویز ایس ایس پی سکھر کے سامنے رکھیں، جنہیں سننے کے بعد ایس ایس پی سکھر نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے کہا پولیس عوام اور تاجروں کے تعاون کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکتی کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے تاجر برادری کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا روہڑی میں امن و امان کے لیے مزید مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں میں نے بازاروں میں گشت بڑھانے مشتبہ عناصر کی نگرانی سخت کرنے اور تاجروں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کے تحفظ، مسائل کے حل اور ایک پُرامن کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے وفد نے پولیس کی کوششوں اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے بروقت حل اور امن و امان میں بہتری سے کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا جو نہ صرف روہڑی بلکہ پورے ضلع کی معاشی ترقی کے لیے خوش آئند ہے ملاقات مجموعی طور پر نہایت مثبت،مفید اور اعتماد سازی کا باعث ثابت ہوئی.



