سجاول:ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت اجلاس،ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل اور قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنانے کی ہدایت

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)سجاول میں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں اہم اجلاس اور پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ٹھٹھہ، سجاول اور بدین اضلاع میں جاری سرکاری کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر حيدرآباد نے ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل، قیمتوں پر کنٹرول اور تجاوزات کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ سجاول ضلع میں نئے سرکاری دفاتر اور بنیادی انفراسٹرکچر کی جلد تعمیر پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور تعلیم کے ضلعی دفاتر کے قیام، لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے گرلز ڈگری کالج اورUniversity of Sindh کیمپس کے منصوبوں پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جبکہ عوامی سہولیات کے لیے مختلف میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہونے کی بات کی گئی۔ کمشنر نے نوجوانوں کے لیے انڈور گیمز، جیم خانے اور جدید کھیل گراؤنڈز کی تعمیر، سجاول شہر میں جدید ڈسٹرکٹ اسپتال کے قیام، اور پولیو کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس کے علاوہ لینڈ ریکارڈ کی درستگی اور کمپیوٹرائزیشن، شہروں کی صفائی، کھلے مین ہولز کی فوری بندش، سلاٹر ہاؤسز کی انسپکشن اور فائر سیفٹی آڈٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سجاول زاہد حسین رند، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت اور ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اور اپنی اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی۔



