شوہر کے مذاق میں بندریا کہنے پر ماڈل بیوی نے خودکشی کر لی

لکھنؤ (جانوڈاٹ پی کے) بھارت کی ریاست لکھنؤ میں شوہر کے مذاق میں بندریا کہنے پر ماڈل بیوی نے خودکشی کر لی۔
انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ انڈیرا نگر کے تکروہی میں پیش آیا جہاں 23 سالہ بیوی نے اپنے گھر میں موت کو گلے لگا لیا، اس کی وجہ شوہر کی طرف سے اس کی بہن کے سامنے کیا گیا مذاق بتایا جا رہا ہے۔
تنو سنگھ نامی خاتون کی شادی 4 سال قبل راہل سے ہوئی تھی جو تکروہی کے رہائشی ہیں، شوہر رکشہ ڈرائیور ہے جبکہ بیوی ماڈلنگ کا کورس کر رہی تھی۔
راہول نے پولیس کو بتایا کہ واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب میں، تنو اور اس کی بہن انجلی گھر پر موجود تھے، ہلکی پھلکی بات چیت اور مذاق کے دوران میں نے انجلی کے ساتھ مل کر تنو کا مذاق اڑایا اور اسے بندریا کہہ کر پکارا، یہ بات اس کو بہت بُری لگی جس کے بعد وہ بغیر کچھ کہے اپنے کمرے میں چلی گئی۔
پولیس کے مطابق شوہر کھانا لینے باہر گیا اور واپسی پر اپنی سالی انجلی سے تنو کو بلانے کو کہا، جب انجلی گئی تو دروازہ اندر سے بند تھا، بار بار آواز دینے کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا، پھر انہوں نے کھڑکی سے جھانکا تو دیکھا کہ تنو نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی ہے۔
صدمے میں انجلی چیخ اٹھی، چیخوں کو سن کر راہل اور پڑوسی پہنچے، مقامی لوگوں کی مدد سے تنو کو پھندے سے اتارا گیا اور اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ سے موت کی وجہ پھانسی لگانا ہی ثابت ہوئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ انہیں اس واقعے کی فوری اطلاع نہیں ملی بلکہ مقامی لوگوں نے بتایا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا جائزہ لینے اور فیملی ممبران کے بیانات درج کرنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔



