سیماسجدیہہ نے سلمان خان کے بھائی سے علیحدگی کی وجہ بتادی

ممبئی(شوبزڈیسک)بالی ووڈ اداکار سہیل خان سے علیحدگی کے کئی برس بعد ان کی سابق اہلیہ سیما سجدیہہ نے پہلی بار کھل کر اپنی شادی کے خاتمے کی وجوہات اور طلاق کے بعد کی زندگی پر بات کی ہے۔سیما سجدیہہ اور سہیل خان کی شادی1998ءمیں ہوئی تھی، تاہم دونوں نے 2022ءمیں باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ سابق جوڑے کے دو بیٹے نیروان اور یوہان ہیں، جن کی پرورش وہ دونوں مل کر کر رہے ہیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں سیما سجدیہہ نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی اور سہیل خان کی شادی ہوئی تو دونوں کم عمر تھے اور زندگی کی ذمہ داریوں اور وقت کے ساتھ انسان کے بدلنے کے عمل کو پوری طرح نہیں سمجھ پائے تھے۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ترجیحات اور سوچ میں فرق آیا، جس نے رشتے کو متاثر کیا۔سیما کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد ان کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئی اور انہوں نے خود کو بہتر طور پر سمجھنا سیکھا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ مشکل ضرور تھا، مگر دونوں نے بچوں کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھنے کا راستہ اپنایا۔



