وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے صبر کا پیمانہ لبریز،وزیر اعظم کو دوٹوک خط لکھ دیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے صبر کا پیمانہ لبریز،وزیر اعظم کو دوٹوک خط لکھ دیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر منصوبے میں مسلسل تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبہ پینتیس سال بعد بھی شروع نہیں ہوسکا۔خط میں کہا گیا کہ 2016 میں سی سی آئی نے منصوبے کی فنانسنگ کا فارمولہ طے کرتے ہوئے 65 فیصد اخراجات وفاق اور 35 فیصد خیبرپختونخوا کے ذمے مقرر کیے تھے۔اکتوبر 2022 میں ایکنک نے 189 ارب روپے مالیت کے اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی، تاہم اس کے باوجود عملدرآمد شروع نہ ہوسکا۔سہیل آفریدی کے مطابق چاروں صوبوں کے میگا آبپاشی منصوبوں میں صرف لفٹ کنال منصوبے پر پیش رفت نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے زمین کے حصول کے لیے مالی سال 2024-25 میں 2 ارب جبکہ 2025-26 میں 5 ارب روپے مختص کیے ہیں،اس سے قبل بھی زمین کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر7ارب روپے رکھے گئے تھے۔وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ واپڈا کی جانب سے لینڈ ایکوزیشن، پروکیورمنٹ اور پری کوالیفکیشن پراسس میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ لینڈ ایکوزیشن بھی سست روی کا شکار ہے۔انہوں نے درخواست کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ صوبے کی زرعی ضروریات پوری ہوسکیں۔



