پنجاب میں سول مارشل لا ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا الزام
ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں،ملٹری آپریشن سے دہشتگردی کم نہیں ہوتی،بڑھتی ہے

پشاور(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب میں سول مارشل لا ہے۔
نشتر ہال میں یوتھ کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں.انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی اس ملک کی امید ہیں بڑا انسان وہ ہے جس کا خواب بڑا ہو ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وزیر اعلیٰ بنوں وزیر اعلیٰ تو بن گیا لیکن آگے بڑھنا بڑا خواب ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،انہیں بھی قید کیا ہوا ہے۔بانی کی بہنوں پر زہریلا پانی پھینکا جاتا ہے۔ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈال دیا جاتا ہے۔دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ کو بڑے طیارے میں بیرون ملک لے کر جایا جاتا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ تیراہ کے لوگوں کو زبردستی مجبور کیا گیا ہے۔ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں،ملٹری آپریشن سے دہشتگردی کم نہیں ہوتی،بڑھتی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذہبی و سیاسی جماعتوں کو بٹھا کر پالیسی بنانا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے۔ جو ان کے ارادے ہیں شاید میں نہ رہوں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ آواز اٹھانا ،جنازے اٹھانے سے بہتر ہیں ۔ اس بار ہم بند کمروں کے فیصلے مسلط نہیں ہونے دیں گے۔



